۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
آیت الله العظمی مکارم شیرازی

حوزہ/ ملک کے ثقافتی حکام اور پالیسی سازوں بالخصوص دفاع مقدس فاؤنڈیشن کے عہدیداروں پر ضروری ہے کہ وہ جہاد اور مقاومت کے اصولوں اور بنیادوں کو پہچاننے پر زیادہ توجہ دیں اور مزاحمتی ثقافت اور آگاہی کو آنے والی نسلوں تک منتقل کریں تاکہ جہاد،دفاع اور قربانیوں کا جذبہ ہمیشہ زندہ رہے اور اس کے سائے میں امن و امان برقرار رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت آیۃ اللہ العظمی مکارم شیرازی نے دفاع مقدس اور مزاحمت کے دس لاکھ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ قومی کانفرنس کے نام ایک پیغام میں دفاع مقدس کے اصولوں اور بنیادوں جیسی اقدار کو نوجوان نسلوں تک منتقل کرنے کی تاکید کی ہے۔

مرجع تقلید کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

مِنَ المُؤمِنینَ رِجالٌ صَدَقوا ما عاهَدُوا اللَّهَ عَلَیهِ فَمِنهُم مَن قَضی نَحبَهُ وَ مِنهُم مَن یَنتَظِرُ وَما بَدَّلوا تَبدیلًا
و صلی الله علی محمد و آله الطیبین الطاهرین

سب سے پہلے،میں اس شاندار اور قومی اجتماع کے منتظمین اور اس میں شریک جانبازوں،شہداء کے معزز خاندانوں،آزادی پسندوں،آئمۂ جمعہ و جماعت،فوجی اور قومی و صوبائی شخصیات کا تہہ دل سے تشکر اور قدردانی کرتا ہوں۔

جہاد اور مزاحمت کے دس لاکھ شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ یہ تقریب،عصر حاضر کی عظیم اور منفرد تحریک کی یاد دلاتی ہے کہ جسےدفاع مقدس کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس عرصے کے دوران ایران پر سخت ترین پابندیاں عائد کی گئیں،لیکن یہ سخت اور بے مثال پابندیاں انقلاب اسلامی کے مقدس اہداف کو آگے بڑھنے سے روکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں۔

دفاع مقدس کے عظیم دور کے علمبردار وہ افراد ہیں کہ جن کو "السابقون الأولون"سمجھا جاتا ہے اور بلاشبہ دفاع مقدس کے آٹھ سالوں کے دوران ان کی قابل فخر قربانیاں اور کارکردگی امام حسین (ع) کی تحریک کو نمونۂ عمل قرار دینےکی واضح مثال ہیں۔لہٰذا،دفاع مقدس کے مجاہدین اور سابق فوجیوں کا احترام اور تعظیم کرنا اُس وقت کے شاندار آثار کو مذہبی خراج تحسین ہے۔خدا کا درود ہو ان لوگوں پر جو اس مشکل امتحان میں کامیاب ہوئے۔

ملک کے ثقافتی حکام اور پالیسی سازوں بالخصوص دفاع مقدس فاؤنڈیشن کے عہدیداروں پر ضروری ہے کہ وہ جہاد اور مقاومت کے اصولوں اور بنیادوں کو پہچاننے پر زیادہ توجہ دیں اور مزاحمتی ثقافت اور آگاہی کو آنے والی نسلوں تک  منتقل کریں تاکہ جہاد،دفاع اور قربانیوں کا جذبہ ہمیشہ زندہ رہے اور اس کے سائے میں امن و امان برقرار رہے۔

آخر میں،ہفتۂ دفاع مقدس کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسلام کے تمام مجاہدین اور جانبازوں کی قربانیوں اور شہداء کی پاکیزہ روحوں پر درود و سلام بھیجتا ہوں اور ایک بار پھر اس شاندار کانفرنس کے تمام منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور بارگاہِ الٰہی میں آپ سب کی توفیقات خیر میں مزید اضافے کے لئے دعا گو ہوں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .